طویل خاموشی سے پہلے
مکمل خالی پن جننا تھا
یعنی سب بَک دینا تھا۔۔۔
اچھی نظم کے تعاقب میں
کتنی بیکار لائنیں لکھنی پڑتی ہیں
لفظ کو معنی سے تر کرنے کے لئے
جملہ در جملہ
خیال کے الاؤ میں جھونکتے رہتے ہیں۔۔۔
معلوم ہے
تمہیں دیکھنے سے پہلے
دنیا کا سارا حُسن۔۔۔ساری بدصورتی
مجبور آنکھوں نے سُلگتے ہوئے دیکھی
اس حد تک کہ
جمالیات کا تصور ہی بھدا ہو گیا۔۔۔
سال جس کےحساب میں
صرف ایک رات ہے۔۔۔
تم میری انگلیوں کی پوروں کو چومتی ہوئی
بالکونی میں چاند گرہن تلے
ورجن سورج کی طرح چمک رہی تھی۔۔۔
مجھے تمہارے وجود کے سوا
کائنات میں کسی اور کا سُراغ نہیں ملا۔۔۔
فرح دیبا آکرم